چنیوٹ:کمشنر فیصل آباد کا دورہ، ناقص صفائی پر ٹھیکیدار کو جر مانہ
جھمرہ اور لاہور روڈ کے سیوریج زدہ تالابوں کو ڈی واٹر کرنے کے عمل کا جائزہ لیا
فیصل آباد، چنیوٹ (نیوز رپورٹر، ڈسٹر کٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے چنیوٹ کا دورہ کیا اور شہر میں صفائی، ہسپتال خدمات اور فرنیچر مارکیٹ کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ستھرا پنجاب ٹھیکیدار کو 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا اور اصلاح احوال کی ہدایت دی۔ انہوں نے جھمرہ اور لاہور روڈ کے سیوریج زدہ تالابوں کو ڈی واٹر کرنے کے جاری عمل کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ڈویژن بھر میں 120 سے زائد تالاب اور جوہڑ صاف کر کے محفوظ بنایا جا چکا ہے ۔ کمشنر نے خالی پلاٹ مالکان کو چار دیواری کرانے یا استعمال میں لانے کے نوٹسز جاری کرنے اور عدم تعمیل پر سخت کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا۔
انہوں نے محلہ غفورآباد کا دورہ کیا اور سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن پر بریفنگ لی، ساتھ ہی واسا، میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کو تمام دستیاب وسائل یکجا کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دی۔کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا اچانک دورہ بھی کیا، مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی، ادویات اور صفائی کا معائنہ کیا، اور انتظار گاہ میں سہولتوں کا جائزہ لے کر اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ کو شاباش دی۔وزیراعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے تحت چنیوٹ کی مشہور فرنیچر مارکیٹ میں پیڈسٹرین زون، اسٹارم واٹر ڈرین، فائر سیفٹی اور پارکنگ انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔