کمالیہ : دودھ اور دہی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ
انتظامیہ کی ماہ رمضان میں سستی اشیا کی فراہمی صرف دعوؤں تک محدود رہی
کمالیہ (نمائندہ دنیا) رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی شہر اور گردونواح میں دودھ فروشوں نے دودھ اور دہی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے ۔ انتظامیہ دودھ فروشوں کو قابو کرنے میں ناکام رہی اور ماہ رمضان میں سستی اشیا کی فراہمی صرف دعوؤں تک محدود رہی۔علاقہ بھر کے دودھ فروشوں نے دودھ کی قیمت میں 50 سے 60 روپے اضافہ کر دیا، جس کے باعث 170 روپے کلو فروخت ہونے والا دودھ اب 220 سے 230 روپے فی کلو ہو گیا ہے ، جبکہ دہی کی قیمت 240 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ رمضان کے آغاز کے ساتھ منافع خوروں کی اس من مانی نے شہریوں کو شدید متاثر کیا، اور علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔