ضلع ملیر میں سڑک کی تعمیر و بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد

ضلع ملیر میں سڑک کی تعمیر و بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد

گلشنِ حدید موڑ تا اللہ والی چورنگی منصوبے پر396 ملین روپے لاگت آئے گی نکاسی آب کیلئے ڈرینج لائن تعمیر کی جائے گی ،میئر مرتضیٰ وہاب کاتقریب سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع ملیر میں گلشنِ حدید موڑ تا اللہ والی چورنگی سڑک کی تعمیر و بحالی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، جنرل سیکرٹری پی پی پی ضلع ملیر امداد جوکھیو، ایم پی اے ساجد جوکھیو، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، منتخب نمائندے اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میئر نے بتایا کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 396 ملین روپے ہے جبکہ سڑک کی لمبائی 2.33 کلومیٹر اور چوڑائی 24 فٹ ہے ۔ ضلع ملیر میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور اس منصوبے سے ٹریفک روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے لیے 2.59 کلومیٹر طویل ڈرینج لائن تعمیر کی جائے گی جبکہ جدید ڈرینج سسٹم شہریوں کو بارشوں میں ریلیف فراہم کرے گا۔ منصوبے میں 153 ہزار اسکوائر فٹ پیور شولڈر ایریا کے علاوہ 4 فٹ چوڑا ڈرین بھی شامل ہے تاکہ پانی کی موثر نکاسی یقینی بنائی جا سکے ۔ اسٹریٹ لائٹس اور پولز کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہے جس سے رات کے اوقات میں سفری سہولیات مزید بہتر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری ہے اور ان اقدامات سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور معیاری انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گا۔پیپلز پارٹی آئندہ بھی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں