نگہبان کارڈ کی شفاف تقسیم کیلئے اہداف تفویض
انتظامی ادارے متحرک، 71فیصد اہداف حاصل، 2لاکھ 4ہزار 547افراد کو فراہمی مکمل، ڈویژن بھر میں 31دستر خوان فعال،یومیہ 7ہزار 368افراد مستفید،رپورٹ ملتان اور مضافاتی علاقوں میں 3لاکھ 15ہزار ایکڑ پر کپاس کی اگیتی کاشت کا ہدف مقرر، ماہ صیام میں امن وامان ، یکجہتی کی فضا قائم رکھی جائے ، کمشنر عامر کریم خان کی گفتگو
ملتان( وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ماہِ صیام انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے واضح تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ رمضان نگہبان کارڈ کے تحت رقم کی ادائیگی میں کٹوتی کرنے والے کسی بھی دکاندار کے خلاف فوری مقدمہ درج کر کے گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رمضان نگہبان کارڈز کی مجموعی تقسیم 71 فیصد مکمل ہو چکی ہے اور اب تک 2 لاکھ 4 ہزار 547 کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ ڈویژن بھر میں 31 دسترخوان فعال ہیں جہاں روزانہ 7 ہزار 368 افراد مستفید ہو رہے ہیں۔بریفنگ کے مطابق ڈویژن میں سہولت بازاروں کی تعداد 5 ہے جہاں روزانہ فٹ فال 13 ہزار 785 سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔
عامر کریم خاں کی زیر صدارت کپاس کی صورتحال بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں اگیتی کپاس کی کاشت کے اہداف، فیلڈ مانیٹرنگ اور کسانوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان ڈویژن کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 15 ہزار ایکڑ پر اگیتی کپاس کاشت کا ہدف دیا گیا ہے ، جس کے حصول کیلئے تمام متعلقہ محکمے بھرپور محنت کریں۔ ڈویژنل و ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے ملاقات کی جس میں رمضان المبارک کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ رمضان المبارک میں پرامن اور روحانی ماحول کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
خانیوال میں اہم سرکاری پراپرٹی پر مبینہ ناجائز قبضے کا انکشاف، کمشنر ملتان کا فوری نوٹس کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے موضع سول لائن خانیوال کی قیمتی سرکاری جائیداد پر غیر قانونی تصرف کی شکایات سامنے آنے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خانیوال کو تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ عامر کریم خاں نے غلہ منڈی میں جاری میگا تجاوزات آپریشن کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے پیدل مارچ کرتے ہوئے آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی ازکیٰ سحر نے بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انکروچمنٹ کے خلاف جاری آپریشن میں اے سی، پیرا فورس، پولیس اور مارکیٹ کمیٹی کی کارکردگی قابل تحسین ہے ۔ عامر کریم خاں نے زکریا لینئر پارک میں شہریوں کے ہمراہ روزہ افطار کیا جہاں حکومت پنجاب اور مخیر حضرات کے تعاون سے نگہبان دسترخوان کا اہتمام کیا گیا تھا۔