زیرِ زمین پارکنگ پلازا کیلئے کھدائی کا 70 فیصد حصہ مکمل
مجموعی رقبے کے پچیس فیصد حصے پر پہلی سلیب ڈالنے کی تیاریاں شروع
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور کے قدیمی اور مصروف ترین کاروباری علاقے نیلا گنبد انارکلی میں زیرِ زمین پارکنگ پلازا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ ٹیپا کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق منصوبے کی فزیکل پیشرفت 33 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، جبکہ مجموعی طور پر ایک تہائی تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔ یہ رپورٹ باقاعدہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی گئی ہے ۔زیرِ زمین پارکنگ پلازا کیلئے کھدائی کا ستر فیصد مرحلہ مکمل ہو چکا ہے ، تعمیراتی حکمت عملی کے تحت مرحلہ وار کام جاری ہے ۔ مجموعی رقبے کے پچیس فیصد حصے پر پہلی سلیب ڈالنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، جس کے بعد سٹرکچر باقاعدہ طور پر زمین سے ابھرنا شروع ہوگا۔ یعنی ایک حصہ سپر سٹرکچر کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ دوسرا حصہ بنیادوں کی مضبوطی کے مرحلے سے گزر رہا ہے ، جسے انجینئرنگ کی زبان میں متوازی تعمیراتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔