نئے ڈریس کوڈ کانفاذ، گاؤن مارکیٹ سے غائب

 نئے ڈریس کوڈ کانفاذ، گاؤن مارکیٹ سے غائب

ملتان (خصوصی رپورٹر)سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے لئے نئے ڈریس کوڈ کے نفاذ کے بعد بازاروں میں گاؤن کی قیمتوں میں اچانک ہوشربا اضافہ ہوگیا ۔۔

جبکہ کئی مقامات پر مطلوبہ ڈیزائن اور رنگ کے گاؤن مارکیٹ سے غائب ہوگئے ، جس کے باعث اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔محکمہ تعلیم کی جانب سے مخصوص ڈریس کوڈ متعارف کرائے جانے کے بعد گاؤن کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مانگ بڑھتے ہی بعض دکانداروں نے قیمتیں بڑھا دیں اور چند ہی دنوں میں نرخوں میں نمایاں اضافہ کردیا گیا۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ جو گاؤن چند روز قبل مناسب قیمت پر دستیاب تھے ، وہ اب کئی گنا مہنگے ہوچکے ہیں۔اساتذہ کے مطابق سادہ چھ بٹن والا گاؤن جو پہلے کم قیمت میں مل جاتا تھا، اب 1200 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

 ، وہ بھی ناقص کپڑے اور کمزور سلائی کے ساتھ۔ کئی خواتین اساتذہ نے شکایت کی کہ نہ صرف قیمتیں بڑھائی گئیں بلکہ معیاری کپڑا بھی دستیاب نہیں، جبکہ بعض مارکیٹوں میں مخصوص رنگ اور ڈیزائن مکمل طور پر ناپید ہیں۔ متعدد اساتذہ کو مختلف بازاروں کے چکر لگانے کے باوجود مطلوبہ لباس نہیں مل سکا جس سے ذہنی کوفت میں اضافہ ہوا۔اساتذہ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کرے ۔ دوسری جانب بعض تاجروں کا کہنا ہے کہ اچانک طلب بڑھنے سے سپلائی متاثر ہوئی جس کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں