تمام تعمیراتی مقامات کو مکمل طور پر گھیرنا لازمی قرار

تمام تعمیراتی مقامات کو مکمل طور پر گھیرنا لازمی قرار

طلبہ کے تعمیراتی مقامات میں داخلے پر مکمل پابندی عائد ،محکمہ سکول ایجوکیشن

لاہور(خبر نگار)سرکاری سکولوں میں تعمیراتی کام کے دوران بڑے حفاظتی اقدامات، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نئے سیفٹی ایس او پیز جاری کر دیے ۔تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں جاری تعمیراتی کام کے لیے نئے حفاظتی ایس او پیز نافذ کر دیے ہیں۔نئی ہدایات کے مطابق تمام تعمیراتی مقامات کو مکمل طور پر گھیرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ طلبہ کی رسائی مکمل طور پر روکی جا سکے ۔ہر تعمیراتی سائٹ پر ایک ذمہ دار ٹیچر کی تعیناتی بھی لازمی ہوگی جو حفاظتی انتظامات کی نگرانی کرے گا۔ طلبہ کے تعمیراتی مقامات میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ۔محکمہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ کسی بھی حادثے کی صورت میں متعلقہ سی ای او ذمہ دار ہوں گے جبکہ غفلت برتنے پر معاملہ فوجداری غفلت تصور کیا جائے گا۔ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایات پر من و عن عمل درآمد کی تاکید کی گئی ہے ۔یہ اقدامات گزشتہ روز سیالکوٹ میں ایک سکول میں زیرِ تعمیر چھت گرنے سے طالبہ کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعہ کے بعد کیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں