اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھا جائے، ڈی سی
ذخیرہ اندوزی، منافع خوری اور گراں فروشی کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں
راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار)رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے، قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے اور نگہبان دسترخوان پروگرام کے مؤثر انعقاد کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی صدارت میں ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو ہر صورت اعتدال پر رکھا جائے اور ذخیرہ اندوزی، منافع خوری اور گراں فروشی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے متحرک ہے اور تمام فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ مارکیٹ مانیٹرنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔ نگہبان دسترخوان کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے تحت ضلع بھر میں نگہبان دسترخوان پروگرام کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا تاکہ مستحق، نادار اور روزہ دار افراد کو معیاری اور باوقار افطاری فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ افطاری کے معیار، صفائی اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ہر مرکز پر سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ روزانہ کی کارکردگی جانچنے کیلئے یہ اجلاس ہر رات منعقد ہوں گے تاکہ فیلڈ میں جاری اقدامات کا جائزہ لیا جاسکے۔