کمشنر کا اجلاس‘پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر بریفنگ
کمشنر کا اجلاس‘پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر بریفنگپنجاب ڈویلپمنٹ پروجیکٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کا بڑا فلاحی منصوبہ ہے :حافظ شوکت
میانوالی (نامہ نگار ) کمشنر سرگودہا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مدثر عارف، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، تعمیراتی محکموں کے افسران اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔اجلاس میں کمشنر سرگودھا کو پنجاب ڈویلپمنٹ پروجیکٹ، اربن بیوٹیفکیشن منصوبہ، شہر کی تزئین وآرائش، سہولت بازار، نگہبان دسترخوان، نگہبان کارڈ کی تقسیم اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروجیکٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کا بڑا فلاحی منصوبہ ہے جس کے تحت سیوریج لائنز، ڈسپوزل اسٹیشن، بارشی پانی کی نکاسی کے لیے ڈرینج سسٹم، سٹریٹ لاٹیس اور پارکوں کی بحالی و مرمت پر کام کیا جائے گا۔انہوں نے اسسٹنٹ پروگرام ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں میں معیار اور میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔ کمشنر نے اربن بیوٹیفکیشن منصوبے کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک رکھنے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی سخت چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔ اجلاس کے بعد کمشنر نے محلہ قادرآباد کا دورہ کر کے بارشی پانی کی نکاسی کے سلسلے میں زیر تعمیر ڈرینج سسٹم کا معائنہ کیا۔