فیصل آباد سیوریج اپ گریڈیشن کا 23 ارب کا پیکیج شروع، دومراحل میں تکمیل جون 2027 تک ہوگی
بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے مختلف مقامات پر انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس تعمیر کیے جا رہے ہیں ، تمام ترقیاتی سکیموں میں حفاظتی انتظامات کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں :صوبائی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ نورالامین مینگل
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) صوبائی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے 23 ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پیکیج پر کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ اس کا پہلا فیز جون 2026 جبکہ دوسرا فیز جون 2027 تک مکمل ہوگا، جس سے شہریوں کے نکاسی آب سے متعلق مسائل کا پائیدار اور جامع حل نکلے گا۔ کریسنٹ گراؤنڈ میں انڈر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینک کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے صوبہ بھر میں 200 ارب روپے کی سیوریج اپ گریڈیشن سکیموں پر کام جاری ہے، جو پنجاب کے شہریوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گی۔ مون سون سیزن کے دوران بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے فیصل آباد کے مختلف مقامات پر انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینکس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیموں میں حفاظتی انتظامات کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پرمنیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بریفنگ دی ۔