ڈی جی ایف ڈی اے کی شہری مسائل حل کرنے کی ہدایت
ایف ڈی اے کی پراپرٹی اور اثاثہ جات کی حفاظت یقینی بنائی جائے :آصف چودھری
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور سرکاری فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ اعلان انہوں نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سننے کے دوران کیا۔ڈی جی ایف ڈی اے نے شہریوں سے درخواستیں وصول کیں اور مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایف ڈی اے کے انتظامی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے ریئل ٹائم میں جائیدادوں کے اونرشپ کلیئرنس سرٹیفکیٹس، ٹی پی رپورٹس، قبضہ سلیپس اور دیگر دفتری امور میں تیز رفتار سروس فراہم کی جا رہی ہے۔
روایتی طریقہ کار کو ترک کر کے مختلف واجبات اور فیسوں کی وصولی کے لیے ای چالان سسٹم بھی رائج کیا گیا ہے ۔ حکومت پنجاب کے \"ای بز پنجاب\" پورٹل کے ذریعے رہائشی و کمرشل بلڈنگ پلان کی منظوری، زمینوں کے استعمال میں تبدیلی اور ایف ڈی اے سے متعلقہ دیگر کاروباری اجازت نامے تیز رفتاری سے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ڈی جی نے بعض مسائل کے فوری حل کے لیے افسران کو فون پر ہدایات جاری کیں اور کہا کہ تجاوزات، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں، ناجائز تعمیرات اور قبضہ مافیہ کے خلاف آپریشن مسلسل جاری رہنا چاہیے۔ محمد آصف چودھری نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ایف ڈی اے کی پراپرٹی اور اثاثہ جات کی حفاظت یقینی بنائیں اور نگرانی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔