منشیات مقدمات،پراسیکیوٹرز اور پولیس افسروں کی تربیتی ورکشاپ
منشیات مقدمات،پراسیکیوٹرز اور پولیس افسروں کی تربیتی ورکشاپقانون کی بالادستی اور مؤثر تفتیش پر زور، ماہرین کی رہنمائی، شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیرِاعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت قانون کی بالادستی اور سب کے لیے یکساں انصاف کے مقصد کے تحت پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام صوبہ بھر کے پراسیکیوٹرز اور پولیس تفتیشی افسران کے لیے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ کے تیسرے اور آخری روز ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر آفس سرگودھا میں معروف قانون دان ملک ساجد ندیم اعوان نے خطاب کیا اور منشیات مقدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے منشیات کیسز کے بنیادی قانونی نکات پر روشنی ڈالی اور بڑھتی ہوئی بریت کو روکنے کے مؤثر طریقوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے تفتیشی افسروں کو ہدایت کی کہ دورانِ تفتیش شواہد کے حصول، قانونی تقاضوں کی تکمیل اور طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ منشیات مقدمات میں بریت کی شرح کو قانونی دائرے میں رہتے ہوئے کم کیا جا سکے ۔ورکشاپ میں متعلقہ مقدمات کی پیروی کرنے والے پراسیکیوٹرز اور پولیس افسران نے شرکت کی اور سوال و جواب کے ذریعے مختلف قانونی پہلوؤں پر رہنمائی حاصل کی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قمر سلطان بھی موجود رہے ۔ انہوں نے سیکرٹری پراسیکیوشن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ڈی پی پی سرگودھا ملک عامر شہزاد کو تربیتی ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔اختتام پر ملک عامر شہزاد نے مہمانوں اور شرکاکا شکریہ ادا کیا، جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قمر سلطان نے شرکا میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔