ڈی سی کا رمضان سہولت بازار جھنگ روڈ کا دورہ، قیمتوں کا جائزہ

ڈی سی کا رمضان سہولت بازار جھنگ روڈ کا دورہ، قیمتوں کا جائزہ

متعلقہ افسر روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کے عمل کو مؤثر بنا ئیں : کیپٹن (ر) ندیم ناصر

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے رمضان المبارک کے دوران عوامی ریلیف کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے رمضان سہولت بازار جھنگ روڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے بازار میں قائم مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور خریداری کے لیے آئے ہوئے روزہ داروں سے ملاقات کرکے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے چینی، آٹا، سبزیوں، پھلوں، دالوں اور چکن کے اسٹالز پر جا کر دستیابی، مقررہ نرخوں پر فروخت اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے چینی کے پیکٹ کا وزن بھی چیک کروایا تاکہ مقدار اور معیار میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اشیائے ضروریہ حکومت کی مقررہ قیمتوں پر ہی فروخت کی جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور گرانفروشی یا ناقص اشیاء کی فروخت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں