کمشنر کا جھنگ کا دورہ، سویٹ ہوم کے بچوں میں تحائف تقسیم
نگہبان رمضان بازار بھی گئے ، اشیا ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا جائزہ
جھنگ، فیصل آباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر،خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق ایک دن، ایک تحصیل پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے ۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل جھنگ کا تفصیلی دورہ کیا اور پاکستان بیت المال سویٹ ہوم میں مقیم بچوں سے ملاقات کی۔کمشنر نے بچوں سے ان کی تعلیم اور کھیلوں میں شرکت کے حوالے سے سوالات کیے ، کلاس رومز کا دورہ کیا اور یتیم و بے سہارا بچوں میں تحائف تقسیم کیے ۔
انہوں نے بچوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔کمشنر نے نگہبان رمضان بازار کا بھی دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نرخ ناموں کی موجودگی چیک کی اور صارفین سے قیمتوں کے تقابلی جائزے پر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لیے رمضان بازار کے ساتھ ریڑھی بازاروں اور عام مارکیٹوں میں بھی اشیاء کی قیمتوں کی کڑی نگرانی جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ دو بار پرائس کنٹرول میکنزم سے متعلق رپورٹ حکومت پنجاب کو ارسال کی جا رہی ہے۔