چنیوٹ:سلمیٰ بٹ کا رمضان بازار اور نگہبان پروگرامز کا دورہ

 چنیوٹ:سلمیٰ بٹ کا رمضان بازار اور نگہبان پروگرامز کا دورہ

معاون خصوصی کی سہولت بازاروں میں معیار اور شفافیت پر سمجھوتہ نہ کرنیکی ہدایت

چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کے ہمراہ رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور مقررہ نرخوں پر فروخت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہولیات اور قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا اور چینی کے سٹال پر پیکٹس کا وزن چیک کیا۔معاونِ خصوصی نے سہولت بازار میں قائم پلے ایریا کا دورہ کیا، جہاں بچوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز زندہ باد کے نعرے لگائے ۔

شہریوں نے حکومت پنجاب کی فراہم کردہ ریلیف اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سلمیٰ بٹ نے سہولت بازاروں میں معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے نگہبان کارڈ سنٹر، رمضان نگہبان دسترخوان مریم کے مہمان، اوپن مارکیٹ اور ماڈل ریڑھی بازار کا بھی دورہ کیا، جہاں اشیائے خوردونوش کے نرخ اور معیار کا جائزہ لیا۔ شہریوں نے سہولیات پر اطمینان اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دعائیں پیش کیں۔معاونِ خصوصی نے ڈپٹی کمشنر آفس میں افسران کے اجلاس کی صدارت بھی کی، جہاں رمضان انتظامات، پرائس کنٹرول اقدامات اور عوامی شکایات کے ازالے کا جائزہ لیا گیا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و پیرا فورس کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت جاری کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں