اسلام امن کا داعی ، سیرت نبوی ؐہر شعبہ میں مشعل راہ، احسن اقبال
قرآن ہمارے لیے پاور ہاؤس، اس سے جڑنے کی ضرورت ،سیمینار سے خطاب
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ایچ ای سی نے وزارت منصوبہ بندی ، یونیورسٹی آف نارووال، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد اور جامعہ محمدی کے اشتراک سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا اسلام امن کا داعی اور سیرتِ نبویؐ ہر شعبہ زندگی میں مشعل راہ ہے ، پاکستان کی نظریاتی بنیاد سیرتِ نبوی ؐکی تعلیمات پر استوار ہے ، وسائل کی کمی نہیں ،قومی تعمیر نو کے سفر میں سیرت نبوی ؐ سے استفادہ کرنا ہوگا ، قرآن ہمارے لیے پاور ہاؤس، اس سے جڑنے کی اشد ضرورت ہے ، سیرت چیئرز کا قیام محض ایک تعلیمی اقدام نہیں بلکہ یہ قومی بیانیے کی تشکیل کی ایک سنجیدہ کوشش ہے ، نوجوانوں کو سیرتِ نبوی ؐکی روشنی میں اخلاقی قیادت اور ذمہ دار شہری ہونے کی تربیت فراہم کرنا ناگزیر ہے ، حکومت اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی تاکہ سیرتِ نبوی ؐ تعلیمات کو عملی قومی زندگی کا حصہ بنایا جا سکے ۔ سیمینار میں سکالرز نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے ، آخر میں وفاقی وزیر نے شرکا میں شیلڈ زتقسیم کیں۔