سبزی منڈی کی مانیٹرنگ، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کی ہدایت

سبزی منڈی کی مانیٹرنگ، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کی ہدایت

بولی کا عمل شفاف اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے : تابش محمود بٹ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا تابش محمود بٹ نے سبزی منڈی سدھار کا دورہ کیا اور پھلوں و سبزیوں کی بولیوں کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے بولی کے طریقہ کار، طلب و رسد کی صورتحال اور تھوک نرخوں کی نگرانی کی تاکہ پرچون سطح پر قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہ ہو۔انہوں نے آڑھتیوں کو ہدایت کی کہ بولی کا عمل شفاف اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے ۔ سرکاری نرخنامے کی پابندی، ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں رکھنے اور اشیاء کا معیار برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر نے واضح کیا کہ منڈیوں میں مصنوعی قلت یا ذخیرہ اندوزی کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اشیائے خورونوش مقررہ نرخوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں