ڈی پی او جھنگ کا رات گئے تھانہ شورکوٹ چھاؤنی کا دورہ
جرائم پیشہ عناصر و کریمنل گینگز کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کریں:ساجد حسین محرر سمیت دو سکیورٹی کانسٹیبلز کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان
شورکوٹ، شورکوٹ چھاؤنی (نمائندگان دنیا)ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے رات گئے تھانہ شورکوٹ چھاؤنی کا اچانک دورہ کیا اور حوالات، فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ اور دیگر انتظامی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ ڈی پی او نے ڈیوٹی پر موجود افسران و جوانوں سے کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ بھی لی۔موثر کارکردگی پر محرر تھانہ سمیت دو سکیورٹی کانسٹیبلز کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ساجد حسین نے تھانہ کینٹ کی نئی عمارت کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ نئی عمارت میں شہریوں کو مزید بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈی پی او نے ہدایت کی کہ ہر پولیس افسر اور اہلکار اپنی محکمانہ ذمہ داریوں کو دیانتداری اور سنجیدگی کے ساتھ ادا کرے اور جرائم پیشہ عناصر اور کریمنل گینگز کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے ۔