نیتھری میں سیوریج نیٹ ورک حوالے سے اجلاس، فنڈز جاری
منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا :ڈپٹی کمشنر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت نیتھری اور گردونواح میں سیوریج نیٹ ورک کی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو درپیش سیوریج مسائل کے مستقل حل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں میاں قاسم فاروق، اسسٹنٹ کمشنر صدر، منیجنگ ڈائریکٹر واسا، چیئرمین کسان کونسل، چیئرمین زکوٰۃ کمیٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جانوروں کے باڑوں کو فوری طور پر منتقل کیا جائے تاکہ سیوریج منصوبے کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری سے روزمرہ زندگی میں واضح سہولت پیدا ہوگی۔ نیتھری سیوریج ڈویلپمنٹ منصوبہ نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کے فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں اور کام کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح ہدایات دی کہ سیوریج لائنوں کی تنصیب میں کسی بھی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔