چاند رات اور عید پر فول پر وف سکیورٹی انتظامات کا حکم
ریجن کے 79 اہم بازاروں اور مصروف شاہرا ہوں پر 5,558 پولیس افسر و اہلکار تعینات کرنے کا پلان جاری، مخصوص مقامات پر 1,495 کیمروں کی تنصیب بھی مکمل
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)آر پی او سہیل اختر سکھیرا کی ہدایت پر سی پی او فیصل آباد اور ڈی پی اوز جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو چاند رات اور عید الفطر کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔چاند رات کی سکیورٹی کے حوالے سے ریجن فیصل آباد کے 79 اہم بازاروں اور مصروف شاہراہوں پر 5,558 پولیس افسران و اہلکار تعینات کرنے کا پلان جاری کیا گیا، جس میں ضلع فیصل آباد کے 59 بازاروں اور رش والی جگہوں پر 4,873 اہلکار، ضلع جھنگ کے 7 بازاروں میں 168 اہلکار، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 8 بازاروں میں 335 اہلکار اور ضلع چنیوٹ کے 5 بازاروں میں 182 اہلکار شامل ہیں۔ مخصوص مقامات پر 1,495 کیمروں کی تنصیب بھی مکمل کر دی گئی ہے۔
عید الفطر کی نماز کے حوالے سے ضلع فیصل آباد میں 911 بند مقامات اور 236 کھلے مقامات، ضلع جھنگ میں 387 بند اور 24 کھلے مقامات، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 203 بند اور 17 کھلے مقامات، جبکہ ضلع چنیوٹ میں 170 بند اور 23 کھلے مقامات پر نماز ادا کی جائے گی۔ مجموعی طور پر ریجن فیصل آباد میں 1,671 بند اور 300 کھلے مقامات پر عید کی نماز کے انتظامات کیے گئے ہیں۔سکیورٹی کے لیے 6,744 پولیس افسران و جوان مسلح تعینات ہیں، جبکہ موبائل گشت، ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور ایم سی سکواڈ بھی ہمہ وقت گشت پر مامور ہوں گے۔
تفریحی مقامات، پارکس، دریا کے کنارے ، شاپنگ مالز، ریسٹورینٹس، مزارات اور قبرستانوں کی سکیورٹی کے لیے 2,066 افسران و جوان تعینات کیے گئے ہیں، جن میں سفید پارچات اور لیڈیز پولیس آفیسرز بھی شامل ہیں۔آر پی او فیصل آباد نے مالی اداروں خصوصاً سٹیٹ بینک ، کمرشل بینکوں اور منی چینجرز کی سکیورٹی کے لیے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ تمام اضلاع میں سی ٹی او اور متعلقہ ایس پیز ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور رش والی جگہوں پر پارکنگ کے مناسب انتظامات یقینی بنانے کے پابند ہوں گے ۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس پکٹس قائم کیے جائیں گے اور دی گئی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔