کینال روڈ سے ملحقہ سروس روڈ کی خستہ حالی، شہریوں کو مشکلات

کینال روڈ سے ملحقہ سروس روڈ کی خستہ حالی، شہریوں کو مشکلات

6 سال سے مرمت نہ ہونے پر علاقہ مکینوں میں تشویش، حکام سے نوٹس کا مطالبہ

 فیصل آباد (عاطف صدیق کاہلوں) شہر کی اہم شاہراہ کینال روڈ سے ملحقہ ٹوٹا پھوٹا سروس روڈ سالوں سے منتخب نمائندگان کی عدم توجہی کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی غفلت کا شکار ہے ۔ویسٹ کینال روڈ کے ساتھ ڈھٹھہ پل تا کشمیر پل تک یہ مصروف سڑک خستہ حالی کا شکار ہے ، جس کے باعث نہ صرف لوکل ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔اہل علاقہ کے مطابق یہ سروس روڈ تقریباً گزشتہ 6 سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور اس کی مرمت کے لیے آج تک کوئی عملی اقدام نہیں کیا جا سکا، جبکہ ماضی میں اس منصوبے کے لیے مبینہ طور پر فنڈز بھی مختص کیے جا چکے ہیں۔

شہریوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے اس معاملے پر خاموش ہیں، جبکہ روڈ پر موجود ورکشاپس، دفاتر اور شاپنگ مالز کی وجہ سے ٹریفک اور پیدل آمدورفت میں مزید مشکلات بڑھ گئی ہیں۔پارکنگ اور تجاوزات کے باعث اکثر اوقات ٹریفک جام رہتا ہے ، جبکہ پیدل چلنے والوں کے لیے راستہ بھی دشوار ہو چکا ہے ۔ رہائشیوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر سروس روڈ کی مرمت اور بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں