دشمنوں کی ہمیں غیر مسلح کرنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی: ایرانی آرمی چیف
تہران: (دنیا نیوز) ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی کا کہنا ہے کہ دشمنوں کی یہ خواہش ہے کہ ایران ان کے سامنے ہتھیار ڈال دے مگر ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔
ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں سے جاری بیرونی دباؤ اور قاتلانہ حملوں کے باوجود عوام کا آہنی عزم متزلزل نہیں ہوا۔
میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ دشمنوں نے غلط اندازہ لگایا تھا کہ قیادت کے خاتمے سے ملک بھی ٹوٹ جائے گا، جب ایرانی سفارتی حکام مذاکرات میں مصروف تھے تب ایران کو دشمن کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام کی جرأت مندانہ کوششوں سے جنگ کے دوران ایران کے لئے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا، بحری ناکہ بندی بحری قزاقی کی ایک شکل ہے، ایران دشمنوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے جیسے ہزاروں لوگ اس ملک اور اس کے عوام کے لئے قربان ہونے کو تیار ہیں، ہم کبھی نہیں جھکیں گے۔