ویمن یونیورسٹی میں عالمی امور پر ویبینار، پاکستان کی ثالثی کو سراہا گیا
تعلیمی ادارے عالمی آگاہی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں: مقررین
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں ایران-امریکہ مذاکرات میں پاکستان کی سفارت کاری اور مثبت کردار کے موضوع پر ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین سمیرا راجہ اور محمد منیب حمید نے اسلام آباد مذاکرات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے اعلیٰ سطحی وفود کی میزبانی کی، مذاکرات میں سہولت کاری فراہم کی اور عارضی جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔مقررین نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اس کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر سفارتی ساکھ کا مظہر ہے، پاکستان ایک تاریخی امن ساز اور ذمہ دار عالمی کردار کے طور پر ابھرا ہے جو مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی استحکام کو فروغ دے رہا ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز کی اس کاوش کو سراہا۔ ویبینار میں اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ یونیورسٹی علمی و فکری مباحث کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔