پولیومہم :کیچ اپ ڈے پر رہ جانیوالے بچوں کو کور کرنیکی ہدایت
ڈی سی ندیم ناصر کی زیر صدارت اجلاس، 100فیصد ہدف کے حصول پر زور
فیصل آباد (نیوز رپورٹر، خصوصی رپورٹر) انسداد پولیو مہم کی مؤثر مانیٹرنگ اور سو فیصد ہدف کے حصول کے لیے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران انسداد پولیو مہم کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تین روزہ مہم کے دوران ضلع بھر میں 14 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ۔ پہلے روز 4 لاکھ 93 ہزار 494، دوسرے روز 4 لاکھ 78 ہزار 176 جبکہ تیسرے روز 4 لاکھ 38 ہزار 475 بچوں کو ویکسین دی گئی۔
اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ مہم کا چوتھا روز کیچ اپ ڈے کے طور پر منایا جائے گا، جس کے دوران رہ جانے والے بچوں کو ہر صورت کور کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے تمام متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں ٹیموں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنائیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسداد پولیو مہم قومی فریضہ ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کیچ اپ ڈے کے دوران گھر گھر جا کر ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے ۔