جنرل ہسپتال سمن آباد میں ادویات کی قلت ،عملے کی کمی

 جنرل ہسپتال سمن آباد میں ادویات کی قلت ،عملے کی کمی

انتظامی غفلت کے باعث صفائی اور سہولیات کی صورتحال ابتر ،مریض پریشان

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) عملے کی کمی، ادویات کے فقدان اور انتظامی عدم توجہی کی وجہ سے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد مسائلستان بن گیا ہے ۔ مفت علاج معالجے اور ادویات کے حصول کے لیے کئی کلومیٹر دور سے سفر کرکے آنے والے مریض ادویات نہ ملنے کی وجہ سے خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ ذرائع کے مطابق سمن آباد اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے 250 بیڈز پر مشتمل گورنمنٹ جنرل ہسپتال قائم کیا گیا تھا، تاہم انتظامی غفلت اور لاپرواہی کے باعث ادویات اور بنیادی سہولیات کا فقدان برقرار ہے۔

ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈی اور واش رومز میں صفائی کی ابتر صورتحال بھی سامنے آ رہی ہے ۔ ایمرجنسی وارڈ کے واش رومز عرصہ دراز سے بند ہونے کے باعث مریضوں اور لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق عملے کی جانب سے مریضوں اور لواحقین کے ساتھ ناروا رویے اور بدتمیزی کی شکایات بھی مسلسل موصول ہو رہی ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں ادویات کی فراہمی، عملے کی کمی دور کرنے اور صفائی سمیت دیگر سہولیات بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں