کمشنر کے ہسپتالوں کے دورے ، صفائی و سہولیات بہتر بنانیکی ہدایت
ڈویژنل پبلک سکول میں سفارتی موضوع پر سیشن، پاکستان کا مثبت کردار اجاگر فیصل آباد میں جدیدووسیع میوزیم کے قیام کا فیصلہ، اراضی کی نشاندہی کی ہدایت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر، نیوز رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کے سرکاری ہسپتالوں کے نان اسٹاپ دوروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ وہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد پہنچیں اور ہسپتال کے داخلی گیٹ پر نصب بوسیدہ بینرز فوری ہٹانے اور صفائی کا معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ادویات کی ہسپتال سے فراہمی کی تصدیق بھی کی۔ ادھر کمشنر نے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج مین کیمپس کا دورہ کیا اور ایران-امریکہ مذاکرات میں پاکستان کی سفارت کاری اور مثبت کردار کے موضوع پر منعقدہ سیشن میں شرکت کی۔
کمشنر نے دورے کے موقع پر کانفرنس روم کا افتتاح بھی کیا اور معیاری تعمیر کو سراہا۔ دریں اثنا کمشنر کی زیر صدارت لائلپور میوزیم کا اجلاس ہوا، جس میں کیوریٹر مقبول ملک نے میوزیم کے قیام، تاریخی نوادرات اور انتظامی امور پر بریفنگ دی۔کمشنر نے موجودہ میوزیم میں جگہ کی کمی کے پیش نظر فیصل آباد میں جدید اور وسیع و عریض اسٹیٹ آف دی آرٹ میوزیم کے قیام کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو اراضی کی نشاندہی کی ہدایت کی۔