ریلوے نجکاری کی مخالفت، ملازمین میدان میں آ نے کو تیار
ریلوے نجکاری کی مخالفت، ملازمین میدان میں آ نے کو تیار مشرق وسطیٰ کے حالات معمول پر آنے کے بعد یونین بھرپور تحریک چلائے گی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریلوے مزدور پریم یونین کے پرچم تلے ضیا الدین انصاری اور شیخ محمد انور کی قیادت میں اپنے مسائل کے حل کیلئے میدانِ عمل میں آنے کو تیار ہیں۔ سیکرٹری جنرل خیر محمد تونیو نے ملک محمد اسلم اور حبیب اللہ مہر کے ہمراہ راولپنڈی ڈویژن کے دورے سے واپسی پرکارکنوں سے گفتگو کرتے کہا مشرق وسطیٰ کے حالات معمول پر آنے کے بعد یونین بھرپور تحریک چلائے گی۔انہوں نے کہا کہ پریم یونین ریلوے کی نجکاری اور آپریشنل کیٹیگریز میں کنٹریکٹ بھرتیوں کی ماضی میں بھی مخالفت کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی جاری رکھے گی، جبکہ انتظامیہ فوری ریفرنڈم کا اعلان کرے ۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری، زونل نائب صدر نورالدین اور زونل آرگنائزر باؤ طاہر کی قیادت میں کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔خالد محمود چودھری نے کہا ریلوے کے مسائل کی بنیادی وجہ حکومتوں کی عدم دلچسپی ہے ۔ ٹریک، بوگیوں اور انجنوں کی بروقت مرمت نہ ہونے سے حادثات بڑھ رہے، اس لیے وزیر ریلوے اور چیئرمین ریلوے سٹیشنوں کی ظاہری آرائش کے بجائے انفراسٹرکچر پر توجہ دیں تاکہ مسافروں کا اعتماد بحال ہو سکے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔