جھنگ روڈ کی سیوریج پائپ لائن منظوری خوش آئند:میاں اعجاز

جھنگ روڈ کی سیوریج پائپ لائن منظوری خوش آئند:میاں اعجاز

ملحقہ آبادیوں میں سیوریج نظام عرصہ سے ناکارہ ، منصوبہ جلد شروع کیا جائے

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں اعجاز حسین نے کہا ہے کہ جھنگ روڈ سے ملحقہ آبادیوں میں سیوریج کے سنگین اور دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ایئرپورٹ کے قریب ڈسپوزل سٹیشن سے ریسکیو 1122 آفس تک نئی پائپ لائن کی منظوری مثبت اور بروقت قدم ہے ، مذکورہ علاقوں میں سیوریج کا نظام عرصہ دراز سے ناکارہ ہو چکا ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقہ میں گٹر ابلنے سے گلیاں اور سڑکیں جوہڑ کا منظر پیش کر رہی ہیں ، تعفن اور گندگی نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے ،گندے پانی کے کھڑے ہونے سے نہ صرف آمدورفت شدید متاثر ہوتی ہے بلکہ بچوں، بزرگوں اور خواتین کو روزمرہ امور میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔میاں اعجاز حسین نے مزید کہا کہ نکاسی آب کی ناقص صورتحال کے باعث مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں، خصوصاً ڈینگی، ملیریا اور جلدی امراض کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ چکا جبکہ بارش کے دنوں میں یہ مسئلہ ایک سنگین بحران کی شکل اختیار کر لیتا ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس منصوبے کو فوری بنیادوں پر شروع کرتے ہوئے شفاف اور تیز رفتار عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس عذاب سے نجات مل سکے اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی ممکن ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں