ریلوے ملازمین کی تنخواہ،پنشن میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ

ریلوے ملازمین کی تنخواہ،پنشن میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ

ریلیوں اور مظاہروں کے ذریعے وزیر اعظم تک اپنے مطالبات پہنچائے ہیں: خالد محمود

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)چیف آرگنائزر خالد محمود چودھری نے کہا ہے کہ پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور کی اپیل پر ملک بھر میں ریلوے مزدوروں نے ریلیوں اور مظاہروں کے ذریعے وزیر اعظم اور حکومتی ایوانوں تک ریلوے ملازمین کے مطالبات پہنچائے ہیں، جن میں تنخواہوں اور پنشن میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ سرفہرست ہے ۔انہوں نے کہا کہ پریم یونین اور ریلوے مزدور امید رکھتے ہیں کہ وزیر اعظم موجودہ مہنگائی، اندرونی و بیرونی چیلنجز اور مزدوروں کی توقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ بجٹ میں ریلیف فراہم کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر سرکاری اداروں کی طرح ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی بھی حکومت اپنے ذمہ لے۔

خالد محمود چوہدری نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور پنشن میں کم از کم 100 فیصد اضافہ کیا جائے ، تنخواہوں کی ادائیگی کا شیڈول معمول پر لایا جائے اور گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین اور پنشنرز کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین 2019ء سے ٹی اے اور ڈی اے کے بغیر فرائض انجام دے رہے ہیں، اس لیے فوری ادائیگی کی جائے ۔ خالی آسامیوں کو ختم کرنے کے بجائے ملازمین کے بچوں کو بھرتی کیا جائے ، جبکہ ٹی ایل اے اور ان ویلڈ ملازمین کو مستقل کیا جائے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل ان ویلڈ ملازمین کے بچوں کی بھرتی بھی یقینی بنائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں