جی سی ویمن یونیورسٹی میں چھٹا فیشن ڈیزائن تھیسس ڈسپلے

جی سی ویمن یونیورسٹی میں چھٹا فیشن ڈیزائن تھیسس ڈسپلے

طالبات کے 45 تخلیقی منصوبے پیش، ڈاکٹر کنول نے تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائن کے زیر اہتمام لائل پور گلیریا میں چھٹا فیشن ڈیزائن تھیسس ڈسپلے منعقد ہوا، جس میں طالبات کے تیار کردہ 45 فائنل تھیسسز نمائش کے لیے پیش کیے گئے ۔تقریب کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغئہ امتیاز) جبکہ مہمانِ اعزاز معروف ٹیکسٹائل ماہر آمنہ خرم تھیں۔ فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی وائس پریزیڈنٹ قرت العین نے بھی خصوصی طور پر نمائش کا دورہ کیا۔نمائش میں طالبات نے فیشن، ٹیکسٹائل، ثقافتی ورثے ، جدید ڈیزائننگ اور تخلیقی رجحانات پر مبنی منفرد اور جدت آمیز منصوبے پیش کیے ، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں، فنی مہارت اور پیشہ ورانہ استعداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی طالبات بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں اور اس نوعیت کے پلیٹ فارم ان کے ہنر کو نکھارنے اور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط قائم کیے جائیں تاکہ طالبات کو عملی میدان سے روشناس کرایا جا سکے اور انہیں بہتر پیشہ ورانہ مواقع میسر آئیں۔مہمانِ اعزاز آمنہ خرم نے طالبات کے کام کو اعلیٰ معیار کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ نمائش میں پیش کیے گئے ڈیزائنز ان کی محنت، تخلیقی سوچ اور فیشن انڈسٹری کے تقاضوں سے آگاہی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں