مویشی پال حضرات کو معیاری سہولیات ترجیح : ڈاکٹر حیدر
ڈائریکٹر لائیوسٹاک کا سرگودھا میں دفاتر اور ویٹرنری ہسپتال کا دورہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد و سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر حیدر علی خان نے ڈائریکٹوریٹ لائیوسٹاک آفس سرگودھا، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک آفس تحصیل سلانوالی اور سول ویٹرنری ہسپتال سلانوالی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک سلانوالی ڈاکٹر حافظ احسان اللہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔دورے کے دوران ڈاکٹر حیدر علی خان نے ادویات کی دستیابی، ویکسی نیشن پروگرام، دفتری و فنی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ ہسپتال میں نصب الٹراساؤنڈ مشین کا بھی معائنہ کرکے اس کی فعالیت اور دستیابی کو چیک کیا۔انہوں نے عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مویشی پال حضرات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، ویٹرنری خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور کسان دوست اقدامات کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے ۔ڈاکٹر حیدر علی خان نے اس بات پر زور دیا کہ جانوروں کی بروقت تشخیص، علاج، ویکسینیشن اور جدید سہولیات کی فراہمی محکمہ لائیوسٹاک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ مویشی پال حضرات کو بروقت، معیاری اور مؤثر ویٹرنری خدمات فراہم کی جا سکیں۔