حکومتی اہداف کے حصول میں غفلت برداشت نہیں:انور علی

حکومتی اہداف کے حصول میں غفلت برداشت نہیں:انور علی

کے پی آئیز پر عملدرآمد کا جائزہ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سمندری کی سرزنش

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیر صدارت ضلع بھر میں جاری کلیدی کارکردگی اشاریوں (کے پی آئیز) پر عملدرآمد کے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ضلع کونسل، سول ڈیفنس، میونسپل کارپوریشن، سیکرٹری آر ٹی اے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں کی کارکردگی، مقررہ اہداف کے حصول اور جاری حکومتی اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ تمام محکمے حکومتی اہداف کے حصول اور عوامی خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کے دوران میونسپل کمیٹی سمندری کے چیف آفیسر کی ناقص کارکردگی اور فرائض میں غفلت پر سخت سرزنش کی گئی اور انہیں فوری اصلاحی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ ٹائم لائن کے مطابق اہداف مکمل کریں، باقاعدگی سے کارکردگی رپورٹس جمع کرائیں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں