ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ
خصوصی ٹیمیں تشکیل، خفیہ معلومات کی بنیاد پر فہرستیں تیار ہوں گی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان،امن و امان کے لیے کارروائی ناگزیر ہے :آر پی او
فیصل آباد (عبدالباسط سے )بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فیصل آباد پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس مقصد کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو خفیہ معلومات کی بنیاد پر ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کی نشاندہی کریں گی۔ذرائع کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) تنویر حسین کی ہدایت پر شہر کو اسلحہ سے پاک کرنے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے خصوصی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق خصوصی ٹیمیں خفیہ انداز میں معلومات اکٹھی کرکے ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کی شناخت کریں گی اور ان کے نام، پتے اور دیگر تفصیلات پر مشتمل فہرستیں تیار کی جائیں گی۔ بعد ازاں ان فہرستوں کی بنیاد پر آپریشنل ٹیمیں کارروائیاں کرتے ہوئے ملز موں کو گرفتار کریں گی اور ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا جائے گا۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا اور سی پی او تنویر حسین کا کہنا ہے کہ جرائم کی بیخ کنی اور معاشرے میں امن و امان کے قیام کے لیے ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پولیس جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔