ڈی پی او چنیوٹ کی مسجد میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے
لوگوں کی جان و مال کی حفاظت، امن و امان کا قیام اولین ترجیح :ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے جمعتہ المبارک کے موقع پر جامعہ مسجد فاروق اعظم محلہ ٹھٹھی غربی چنیوٹ میں کھلی کچہری لگائی، اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ سٹی، انچارج کمپلینٹ سیل، دیگر پولیس افسر اور نمازیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈی پی او چنیوٹ نے شہریوں کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی کروا تے ہوئے متعلقہ افسروں کو داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔ڈی پی او نے شرکاء کو پنجاب پولیس کی مختلف سروسز سے متعلق اورنئے ٹریفک قوانین بارے آگاہی دی۔ ڈاکٹر نوید عاطف نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ مسجد میں کھلی کچہری لگانا حضرت محمدؐ کی سنت ہے۔
تاکہ آپ کے مسائل آپ کے پاس آ کر سن کر حل کئے جائیں اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے ۔شہری معاشرتی، اخلاقی برائیوں و جرائم پیشہ عناصر سے متعلق اطلاع دے سکتے ہیں اورمتعلقہ شکایت نوٹ کروا سکتے ہیں، ان کی داد رسی یقینی بنائی جائے گی۔ڈی پی او نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت، امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے ، تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں، روزانہ دن 12 بجے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کے مسائل سنتا ہوں، شہری بلاجھجھک میرے پاس تشریف لائیں۔ کھلی کچہری کے اختتام پر ملکی سلامتی و ترقی کیلئے دعا کی گئی۔ اہل علاقہ نے مساجد میں کھلی کچہریوں کے اقدام کو سراہا۔