ڈپٹی کمشنرچنیوٹ کا دریائے چناب کے حفاظتی بند کا دورہ

ڈپٹی کمشنرچنیوٹ کا دریائے چناب کے حفاظتی بند کا دورہ

مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے ،شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح :عائشہ رضوان

 چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنرچنیوٹ عائشہ رضوان نے ایکسین ایریگیشن کے ہمراہ دریائے چناب کے حفاظتی بند کا دورہ کیا اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی بند کی مضبوطی کیلئے کئے گئے اقدامات، حفاظتی انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایکسین ایریگیشن نے ڈپٹی کمشنر کو حفاظتی بند کی موجودہ صورتحال، جاری حفاظتی اقدامات، حساس مقامات اور ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حفاظتی بندوں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹنے کیلئے تمام ضروری مشینری، افرادی قوت اور وسائل ہر وقت تیار رکھے جائیں۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بین الادارہ رابطے کو مؤثر رکھا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ شینا اعظم، ایکسین ایریگیشن و دیگر افسران کے ہمراہ موضع ساہمبل کابھی دورہ کیا اور گزشتہ سیلاب سے متاثرہ اور دریائی کٹاؤ کے شکار موضع ساہمبل میں بنائے گئے 5 حفاظتی سٹڈز کی پختگی کی موجودہ صورتحال و دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر سٹڈز کی مضبوطی و دیگر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں