گوجرہ : فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 2,175 کلو مردہ مرغیاں برآمد
قاص اور صابر علی مردہ مرغیوں کا گوشت مختلف شہروں میں سپلائی کرنے جا رہے تھے
گوجرہ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کارروائی کرتے ہوئے فیصل آباد جانے والے ایک مزدا ٹرک سے 2 ہزار 175 کلوگرام مردہ مرغیاں برآمد کر لیں، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ عدنان کی سربراہی میں ٹیم نے پینسرہ روڈ، اڈا دھرم کوٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مزدا ٹرک کو روک کر تلاشی لی۔ اس دوران ٹرک سے 35 تھیلوں میں موجود مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں، جن کا مجموعی وزن 2 ہزار 175 کلوگرام تھا۔فوڈ اتھارٹی کے مطابق ٹرک میں سوار ملزمان قاص اور صابر علی مبینہ طور پر مردہ مرغیوں کا گوشت مختلف شہروں میں سپلائی کرنے جا رہے تھے ۔کارروائی کے دوران موقع پر طلب کیے گئے ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا، جس کے بعد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تمام برآمد شدہ گوشت تلف کر دیا۔بعدازاں فوڈ اتھارٹی نے تحریری اطلاع تھانہ نواں لاہور پولیس کو دی، جس پر پولیس نے دونوں ملز موں کو گرفتار کر کے مزدا ٹرک قبضے میں لے لیا۔مقدمہ درج کر لیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments