صفائی دعوؤں کے برعکس کمشنر دفترمیں کچرے کے ڈھیر

 صفائی دعوؤں کے برعکس کمشنر دفترمیں کچرے کے ڈھیر

احاطہ میں سوکھے پتے ، ٹوٹی شاخیں موجود،گھاس پودے جھاڑیوں کی شکل اختیار کر گئے

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)حکومت کی جانب سے ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہروں، قصبوں اور دیہات کو صاف ستھرا بنانے کے دعوے تو کیے جا رہے ہیں مگر فیصل آباد ڈویژن کے سب سے اہم سرکاری دفترکمشنر آفس کی صورتحال ان دعوؤں کے برعکس نظر آتی ہے ۔ایک جانب ڈویژن بھر میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹس جاری ہیں شہروں کی خوبصورتی بڑھانے پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں دیہاتوں کو صاف کرنے کے دعوے کیے جارہے ہیں دوسری جانب کمشنر آفس احاطے میں صفائی کے ناقص انتظامات ہیں جہاں مختلف مقامات پر کچرے کے ڈھیر، سوکھے پتے ، ٹوٹی ہوئی شاخیں اور ٹوٹے ہوئے یا کٹے ہوئے درختوں کی لکڑی اور باقیات عرصہ دراز سے پڑی ہیں گھاس اور پودوں کی بروقت کانٹ چھانٹ نہ ہونے پر وہ جھاڑیوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

کمشنر آفس میں اہم سرکاری دفاتر قائم ہیں جہاں روزانہ اعلیٰ سرکاری افسروں، ملازمین، سرمایہ کاروں اور سائلین کی بڑی تعداد آتی ہے لیکن صفائی کی صورتحال دعوؤں کے برعکس ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ڈویژن کے سب سے اہم دفتر کی یہ حالت ہے تو دیگر سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر صفائی کے معیار کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ۔صفائی مہم کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ اسکا آغاز انہی کمشنر آفس سے کیا جائے ،شہریوں نے کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ دفترکے احاطے میں صفائی، کچرے کی منتقلی، درختوں اور پودوں کی کانٹ چھانٹ اور باغبانی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...