حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی :رانا آفتاب
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا
پینسرہ (نمائندہ دنیا )سابق صوبائی وزیر اور رکن پنجاب اسمبلی رانا آفتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، جبکہ مہنگائی، بے روزگاری اور صنعتی بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔روزنامہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا آفتاب احمد خان نے کہا کہ فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں صنعتیں شدید بحران کا شکار ہیں، لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں اور متعدد صنعتی یونٹس کی بندش کے باعث ہزاروں خاندان معاشی مشکلات سے دوچار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے اور اشیائے ضروریہ عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات عوامی فلاح کے بجائے قومی اداروں کی نجکاری تک محدود ہو چکی ہیں۔ صحت اور تعلیم جیسے بنیادی شعبوں کو مضبوط بنانے کے بجائے ان اداروں کی نجکاری کی جا رہی ہے ، جس سے عام شہری کے لیے علاج اور تعلیم کا حصول مزید مشکل ہو رہا ہے ۔رانا آفتاب احمد خان نے کہا کہ کسان، مزدور، صنعتکار، طلبہ اور سرکاری ملازمین سمیت معاشرے کا ہر طبقہ اپنے مسائل کے باعث احتجاج پر مجبور ہے ، مگر حکومت عوامی مسائل کے حل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دے رہی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے ، صنعتوں کی بحالی، مزدوروں کو روزگار کی فراہمی، کم از کم اجرت میں اضافے اور عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments