برقی حادثات سے بچاؤ کیلئے فیسکو کی حفاظتی ہدایات جاری
عوام میں برقی حفاظتی تدابیر سے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت
کمالیہ (نمائندہ خصوصی)ایڈیشنل سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن فیسکو ڈویژن کمالیہ، سید فضل عباس شاہ نے مون سون سیزن کے دوران ممکنہ برقی حادثات سے بچاؤ کے لیے تمام ایس ڈی اوز، لائن سٹاف اور متعلقہ فیلڈ عملے کو عوام میں برقی حفاظتی تدابیر سے متعلق بھرپور آگاہی مہم چلانے اور ان پر مؤثر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔جاری کردہ ہدایات کے مطابق شہری بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، دھاتی ڈھانچوں اور اسٹی وائرز سے محفوظ فاصلہ رکھیں اور انہیں ہرگز ہاتھ نہ لگائیں۔
مویشی، موٹر سائیکلیں یا سائیکلیں بجلی کے کھمبوں یا اسٹی وائرز کے ساتھ نہ باندھیں، جبکہ بچوں کو بجلی کی تنصیبات اور تاروں کے قریب کھیلنے سے بھی روکا جائے ۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی تاروں سے ٹکرانے والے یا زمین پر گرے ہوئے درختوں اور شاخوں سے کم از کم تین میٹر (دس فٹ) کا فاصلہ رکھا جائے ۔ اسی طرح کسی بھی غیر مجاز پرائیویٹ الیکٹریشن، کیبل آپریٹر یا دیگر افراد کو بجلی کے کھمبوں یا تقسیمی لائنوں پر کام کرنے کی اجازت نہ دی جائے ۔فیسکو نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کی اندرونی وائرنگ کا وقتاً فوقتاً مستند اور لائسنس یافتہ الیکٹریشن سے معائنہ کروائیں، خراب سوئچ، پلگ، ہولڈر اور خستہ حال تاروں کو فوری تبدیل کریں، جبکہ دھاتی اشیا بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں تاکہ وہ انہیں برقی ساکٹس میں داخل نہ کر سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments