وارڈن کو20 چالان کا ٹارگٹ عوام دشمن فیصلہ:جماعت اسلامی
موجودہ معاشی حالات میں بھاری جرمانے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہے
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنما، سابق یو سی ناظم و چیئرمین سی سی 28 گلستان کالونی اور امن کمیٹی کے رکن میاں طاہر ایوب نے پنجاب حکومت کی جانب سے ہر ٹریفک وارڈن کو روزانہ 20 چالان کا ٹارگٹ دینے کے مبینہ فیصلے کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قانون پر عملدرآمد کے بجائے جرمانوں کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ٹریفک نظام کی بہتری کے نام پر شہریوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور شہر میں خوف کی فضا پیدا ہو گئی ہے ۔
ان کے مطابق ٹریفک وارڈنز سارا دن ناکے لگا کر ٹارگٹ پورا کرنے کی کوشش میں مصروف رہتے ہیں، جبکہ بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔میاں طاہر ایوب نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری کی ذمہ داری ہے ، تاہم جرمانوں کی شرح عوام کی قوتِ خرید کے مطابق ہونی چاہیے ۔ موجودہ معاشی حالات میں بھاری جرمانے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کا مقصد ٹریفک اصلاحات کے بجائے ریونیو میں اضافہ معلوم ہوتا ہے ، جس کے باعث ہر چوک پر کھڑے وارڈنز ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے بجائے زیادہ سے زیادہ چالان کرنے میں مصروف ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments