حکو مت پٹرول کی قیمت روزانہ مقرر کرنے کا فیصلہ واپس لے :تاجر

 حکو مت پٹرول کی قیمت روزانہ مقرر کرنے کا فیصلہ واپس لے :تاجر

عوام کو مسلسل مہنگائی کے جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑ رہا :شیخ جاوید اسلم ، صابر علی ،شیخ سلیم

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق نائب صدر اور سپریم انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن گول کریانہ بازار کے صدر حاجی محمد اسلم بھلی، جنرل سیکرٹری شیخ محمد فاضل، چیئرمین میاں عبدالمنان (سابق ایم این اے ) اور دیگر سینئر عہدیداروں شیخ جاوید اسلم ابوبکر، صابر علی اور شیخ سلیم پاشا نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مقرر کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔تاجر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اس فیصلے کے باعث عوام کو مسلسل مہنگائی کے ناقابلِ برداشت جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف نقل و حمل کے اخراجات بڑھے ہیں بلکہ اس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، جس سے تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ مقامی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے ، تاہم حقیقت یہ ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت کا بڑا حصہ مختلف ٹیکسوں، لیویز اور مارجنز پر مشتمل ہے ۔ ان کے مطابق اس وقت پٹرول پر 108 روپے ، ڈیزل پر 96 روپے لیوی جبکہ دونوں پر 20 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی وصول کی جا رہی ہے ، جس سے عوام پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے ۔انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل پر عائد بھاری ٹیکسوں، لیویز اور دیگر محصولات میں کمی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آئے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...