کمشنر سرکاری دفاتر کو پلاسٹک فری زون بنانے کی ہدایت

کمشنر سرکاری دفاتر کو  پلاسٹک فری زون  بنانے کی ہدایت

پلاسٹک کی پانی کی بوتلوں کی جگہ بھی شیشے کی بوتلیں استعمال کی جا رہی ہیں

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے ڈویژن بھر کے سرکاری اداروں کو  پلاسٹک فری زون بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس مہم کا باقاعدہ آغاز کمشنر آفس سے کر دیا ہے ، جہاں پلاسٹک کی پانی کی بوتلوں اور شاپر بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کرکے ان کی جگہ شیشے کی بوتلیں استعمال کی جا رہی ہیں۔کمشنر آفس میں نمایاں مقامات پر  پلاسٹک کا استعمال اب نہیں  کے پیغام پر مشتمل بورڈ بھی آویزاں کیے جا رہے ہیں تاکہ ملازمین اور شہریوں میں ماحولیاتی تحفظ کا شعور اجاگر کیا جا سکے۔

کمشنر عمران حامد شیخ نے ڈویژن کے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو بھی اسی طرز کے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کی پانی کی بوتلوں کے بجائے شیشے کی بوتلیں اور واٹر ڈسپنسرز استعمال کیے جائیں۔انہوں نے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو ہدایت کی کہ مارکیٹوں، بازاروں اور دکانوں میں پلاسٹک کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم کے ساتھ مؤثر کارروائیاں بھی عمل میں لائی جائیں۔ کمشنر نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لیے پلاسٹک کے استعمال میں کمی ناگزیر ہے ، اس لیے عملی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پلاسٹک شاپنگ بیگز کے بجائے کپڑے کے تھیلوں کا استعمال کریں اور اس پیغام کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پلاسٹک کے استعمال میں کمی کے لیے تشہیری مہم بھی جاری ہے ، جس کی کامیابی عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...