اسلحے کی نمائش کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز
سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش یا خوف و ہراس پھیلانے والی ویڈیوز شیئر کر نیوالوں کی گرفتاری کیلئے بھی ٹیمیں فعال ،کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی:پو لیس حکام
فیصل آباد (عبدالباسط سے )فیصل آباد پولیس نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش، خوف و ہراس پھیلانے اور بدمعاشی کلچر کو فروغ دینے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے خفیہ، آپریشنل اور سوشل میڈیا مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک کر دی ہیں۔پولیس کے مطابق ناجائز اسلحہ رکھنے ، قانون کی خلاف ورزی کرنے اور معاشرے میں بدامنی پیدا کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش یا خوف و ہراس پھیلانے والی ویڈیوز شیئر کرنے والے عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے خصوصی سوشل میڈیا ٹیمیں بھی فعال کر دی گئی ہیں۔
بدمعاشی کلچر، اسلحے کی نمائش اور عوام میں خوف پیدا کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی روک تھام کے لیے ٹاؤن، سرکل اور تھانہ سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے شواہد اکٹھے کر کے مشتبہ افراد کی فہرستیں مرتب کر رہی ہیں، جن کی بنیاد پر خصوصی آپریشنل ٹیمیں کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا، سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین اور ایس پی اقبال ٹاؤن سعید احمد نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور معاشرے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش اور بدمعاشی کلچر کو فروغ دینے والی ویڈیوز کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ، جبکہ ایسے مواد میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments