کم از کم اجرت، ای او بی آئی، سوشل سکیورٹی مطالبات پورے نہ ہوئے، مزدور تنظیمیں احتجاج پر مجبور

کم از کم اجرت، ای او بی آئی، سوشل سکیورٹی مطالبات پورے نہ ہوئے، مزدور تنظیمیں احتجاج پر مجبور

کئی اداروں میں حکومت کی مقرر کردہ کم از کم اجرت ادا نہیں کی جا رہی ،حکومت اور متعلقہ ادارے مقررہ تنخواہ پر عمل۔ ای او بی آئی اور سوشل سکیورٹی میں مزدوروں کی رجسٹریشن یقینی بنائیں: لیبر تنظیمیں

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت اور لیبر ڈیپارٹمنٹ پر مزدوروں کو ان کے قانونی حقوق کی فراہمی میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے مختلف لیبر تنظیموں نے کہا ہے کہ کم از کم اجرت، ای او بی آئی، سوشل سکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات کے مطالبات تاحال پورے نہیں کیے گئے ، جس کے باعث مزدور احتجاج اور ہڑتالوں پر مجبور ہیں۔مزدور رہنماؤں کا کہنا ہے محکموں کی مبینہ غفلت سے بڑی تعداد میں مزدور آج بھی سوشل سکیورٹی، ای او بی آئی رجسٹریشن، گروپ انشورنس اور دیگر قانونی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کم از کم اجرت بھی متعدد صنعتی اداروں میں ادا نہیں کی جا رہی۔

لیبر تنظیموں کے مطابق وہ کئی بار اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر چکی ہیں، تاہم مسائل کے حل کے بجائے بعض فیکٹری مالکان مزدوروں کو ملازمت سے فارغ یا فیکٹریاں بند کر دیتے ہیں۔مزدور رہنماؤں نے بتایا ماضی میں احتجاج کے بعد فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے ایک حکمنامہ بھی جاری کیا گیا تھا، جس میں یونین رہنماؤں کے فیکٹری میں داخلے ، مزدوروں کی سرگرمیوں، شناختی کارڈ جمع کرانے اور دیگر شرائط عائد کی گئی تھیں، جسے لیبر تنظیموں نے مسترد کر دیا تھا۔لیبر تنظیموں نے مطالبہ کیا حکومت اور متعلقہ ادارے کم از کم اجرت کے نوٹیفکیشن پر مؤثر عملدرآمد، ای او بی آئی اور سوشل سکیورٹی میں مزدوروں کی رجسٹریشن، گروپ انشورنس اور دیگر قانونی حقوق کی فوری فراہمی یقینی بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...