رہائشی علاقوں میں خطرناک صنعتی یونٹ بند کرنے کا فیصلہ ،441 یونٹس کی انسپکشن ہو گی

 رہائشی علاقوں میں خطرناک صنعتی یونٹ بند کرنے کا فیصلہ ،441 یونٹس کی انسپکشن ہو گی

کمشنر کی لیبر، میونسپل کارپوریشن اور انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت ، مزدوروں کے ساتھ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ بھی انتظامیہ کی اولین ترجیح :ڈاکٹر عمران

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرصدارت انڈسٹری ری لوکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے رہائشی علاقوں میں قائم انسانی جانوں کے لیے ممکنہ خطرہ بننے والے صنعتی یونٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں کمشنر نے لیبر، میونسپل کارپوریشن اور انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو شہری آبادیوں میں قائم 441 صنعتی یونٹس کا معائنہ کرکے ابتدائی طور پر نوٹسز جاری کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ انسپکشن کے دوران یونٹس کی ماحولیاتی منظوری (انوائرمنٹل اپروول)، لیبر پروفائلنگ، نقشے کی منظوری، بوائلرز اور پریشر ویسلز کی استعداد اور حفاظتی معیار کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ بغیر منظوری چلنے والی صنعتوں کو شہری حدود میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے واضح کیا کہ صنعتی یونٹس میں کام کرنے والے مزدوروں کے ساتھ ساتھ اردگرد کی آبادی میں رہنے والے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔اجلاس میں شہر سے صنعتوں کی مرحلہ وار منتقلی (ری لوکیشن) کے لیے جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی عثمان اظہر، ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر رائے یاسین، ڈی او انڈسٹری محمد عرفان اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...