واسا کی غفلت سے جھنگ روڈ کے نشیبی علاقے ڈوب گئے

واسا کی غفلت سے جھنگ روڈ کے نشیبی علاقے ڈوب گئے

مون سون سے قبل تیاریاں بے نقاب ،بارش، سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ، نقل مکانی ،وزیر اعلیٰ سے نوٹس کامطالبہ

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )مون سون نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کیلئے جان کا خطرہ بن گیا، واسا کی سنگین غفلت سے نکاسی آب کے دیرینہ مسائل حل نہ ہوسکے ،بنگلہ نما رہائش گاہ میں مقیم ایم ڈی واسا نشیبی علاقوں کے مسائل سے ہی لاعلم ۔نشیبی علاقے ڈوبنے سے شہری نقل مکانی پر مجبور ہیں، واسا کی مون سون سے قبل تیاریوں کے دعوے پانی میں بہہ گئے ۔جھنگ روڈ کے حمید پارک، رستم پارک، بابو والا، بسم اللہ کالونی، رشید آباد، امین ٹاؤن، سیف آباد، نعمت آباد، خوشی آباد اور مختار کالونی سمیت دیگرنشیبی علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے کئی خاندان اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے پر مجبور ہیں مگرواسا انتظامیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

مون سون سے قبل نکاسی آب انتظامات کے بلند بانگ دعوے کرنیوالے واسا افسر بارشوں کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے ہیں ۔سوال یہ ہے کہ کیاانتظامیہ کسی بڑے حادثے کا انتظار کررہی ہے یا پھر ہر بار کی طرح کسی سانحہ کے بعد چند تصاویر اور وقتی کارروائیوں سے ذمہ داری پوری سمجھ لی جائیگی ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا کے دعوے فائلوں اور اجلاسوں تک محدود ہیں جبکہ گھروں میں بارشی و سیوریج کا پانی داخل ہونے سے نا صرف قیمتی سامان تباہ ہورہا ہے بلکہ مسلسل نمی اور پانی سے دیواروں میں دراڑیں پڑرہی ہیں اور مزید نقصان کا خدشہ ہے جبکہ جن خاندانوں کانقل مکانی کیلئے کوئی ٹھکانہ نہیں وہ بچوں ،بزرگوں سمیت پانی میں گھرے مکانات میں رہنے پر مجبور ہیں ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں فوری ہنگامی اقدامات سے سیوریج لائنوں اور ڈسپوزل سسٹم کو فعال کیا جائے ۔ معاملے پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ موصوف نے حقیقت چھپانے کیلئے موقف دینے سے ہی گریز کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...