رہائشی علاقوں میں کولیکشن پوائنٹس پر کوڑے کے ڈھیر

رہائشی علاقوں میں کولیکشن پوائنٹس پر کوڑے کے ڈھیر

بروقت صفائی نہ ہونے سے تعفن اور بدبو سے شہریوں کا سانس لینا بھی مشکل،مکھیوں، مچھروں اور آوارہ جانوروں کی تعداد میں بھی اضافہ م حکام سے نوٹس کا مطالبہ

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )فیصل آباد کے مختلف رہائشی علاقوں میں قائم عارضی ویسٹ کولیکشن پوائنٹس شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن گئے ہیں۔ روزانہ کئی ٹن کچرا ان مقامات پر جمع ہونے سے گندگی کے ڈھیر لگ جاتے ہیں جبکہ بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث تعفن اور بدبو نے مکینوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے قائم کیے گئے عارضی ویسٹ کولیکشن پوائنٹس اب شہریوں کے لیے مستقل پریشانی کا سبب بن رہے ہیں۔ قریبی آبادیوں اور تجارتی مراکز سے روزانہ بڑی مقدار میں کچرا یہاں منتقل کیا جاتا ہے ، جس کے نتیجے میں چند ہی گھنٹوں میں کچرے کے بڑے بڑے ڈھیر بن جاتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی کئی روز تک کچرا نہ اٹھائے جانے سے گندگی گلیوں اور سڑکوں تک پھیل جاتی ہے ، جبکہ گرمی کے موسم میں کچرے سے اٹھنے والی بدبو اور تعفن پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے ۔

اس صورتحال سے نہ صرف رہائشی بلکہ دکاندار اور راہگیر بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔مقامی مکینوں کے مطابق آبادیوں کے درمیان قائم یہ عارضی پوائنٹس ماحولیاتی آلودگی اور صحت عامہ کے مسائل کو بڑھا رہے ہیں۔ کچرے کے ڈھیروں کے باعث مکھیوں، مچھروں اور آوارہ جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، جبکہ بدبو سے بچنے کے لیے لوگوں کو اپنے گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھنا پڑتی ہیں۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عارضی ویسٹ کولیکشن پوائنٹس کو رہائشی آبادیوں سے دور منتقل کیا جائے ، کچرا فوری طور پر اٹھانے کا مؤثر نظام وضع کیا جائے اور جراثیم کش اسپرے سمیت ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو گندگی، تعفن اور ماحولیاتی آلودگی سے نجات دلائی جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...