ستھرا پنجاب ایجنسی کا اینٹی لٹرنگ سکواڈ متحرک، شہریوں میں صفائی آگاہی مہم کا آغاز
سکواڈ نے سرگرمیوں کا آغاز چوک گھنٹہ گھر سے کیا،اہلکار شہریوں اور دکانداروں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی پیدا کر رہے ، کھلی جگہوں پر کچرا پھینکنے سے گریز کرنے اور مقررہ کوڑے دان استعمال کرنے کی تلقین
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ‘‘صاف ستھرا پنجاب’’ کے تحت ستھرا پنجاب ایجنسی نے شہر میں کچرا پھیلانے کی روک تھام اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اینٹی لٹرنگ سکواڈ کو فیلڈ میں متحرک کر دیا ہے ۔ سکواڈ نے سرگرمیوں کا آغاز شہر کے مرکزی تجارتی مرکز چوک گھنٹہ گھر سے کیا۔اینٹی لٹرنگ سکواڈ کے اہلکار شہریوں اور دکانداروں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی پیدا کر رہے ہیں۔شہریوں کو کھلی جگہوں پر کچرا پھینکنے سے گریز کرنے اور مقررہ کوڑے دان استعمال کرنے کی تلقین کی جا رہی ہے ، دکانداروں کو اپنی دکانوں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔سی ای او ستھرا پنجاب ایجنسی عابد حسین کی ہدایت پر شروع کی گئی اس مہم کا مقصد شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانا، ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا اور عوام میں صفائی کے حوالے سے احساس ذمہ داری کو فروغ دینا ہے ۔حکام کے مطابق اینٹی لٹرنگ سکواڈ مختلف بازاروں، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر آگاہی سرگرمیاں جاری رکھے گا تاکہ شہریوں کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments