’’فصلوں کی ڈیجیٹل نگرانی اور جدید زرعی ترقی‘‘ پر سیمینار

’’فصلوں کی ڈیجیٹل نگرانی اور جدید زرعی ترقی‘‘ پر سیمینار

مصنوعی ذہانت اور ڈرونز سے فصلوں کی بیماریوں کی بروقت نشاندہی ممکن:مقررین

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ‘‘فصلوں کی ڈیجیٹل نگرانی اور جدید زرعی ترقی’’ کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ اس کا اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل ایکسٹینشن، ایجوکیشن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ کی سوسائٹی آف ایکسٹینشن ایجوکیشنسٹس نے کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایگری لفٹ کے چیف ایگریکلچر اینڈ اسٹریٹجی آفیسر عابد الیاس ڈار نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، ڈرونز اور سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے کسان فصلوں پر بیماریوں اور کیڑوں کے حملوں کی بروقت نشاندہی کر سکتے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی اور کھاد کا درست استعمال ممکن ہے ، جبکہ پیداواری اخراجات میں کمی، فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور وسائل کے ضیاع کو روکنے میں بھی مدد مل سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے زراعت میں درست اور بروقت فیصلوں کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ ان کی مدد سے زمین کی حالت جانچنے اور آبپاشی و کھاد کی ضروریات کا تعین کرنے میں آسانی ہوتی ہے ۔ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن ڈاکٹر بابر شہباز نے پانی کی قلت اور زرعی پیداواری لاگت میں اضافے جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ڈیجیٹل زراعت کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر اعجاز اشرف نے کہا کہ اعداد و شمار پر مبنی جدید زرعی طریقوں کے ذریعے کسان بروقت فیصلے کر کے دستیاب وسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کر سکتے ہیں۔ سیمینار میں ڈاکٹر محمد افتخار، ڈاکٹر راؤ صابر ستار، ڈاکٹر رانا محمد عامر اور ڈاکٹر شوکت علی نے بھی شرکت کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...