شہر بھر میں تجاوزات کی بھرمار، ٹریفک جام معمول
چوک چوراہوں ،مارکیٹوں میں عارضی و مستقل تجاوزات سے شہری پریشان
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازاروں سمیت شہر بھر کی مین شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر قائم تجاوزات انتظامی غفلت کی عکاسی کرنے لگیں۔ عارضی اور مستقل تجاوزات کی بھرمار کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے بلکہ عام شہریوں کو پیدل گزرنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ تجاوزات کے خلاف متعدد شکایات کے باوجود میونسپل کارپوریشن سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر کارروائیاں نہ ہونے اور مبینہ طور پر تجاوزات قائم کرنے والوں سے نذرانے وصول کرکے خاموشی اختیار کیے جانے کے الزامات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازاروں، ستیانہ روڈ، ڈی ٹائپ کالونی، جڑانوالہ روڈ، سمندری روڈ، سمن آباد روڈ، جھنگ روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، چین ون روڈ، ہریاں والا روڈ سمیت مختلف کالونیوں کی مین شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر گزشتہ کئی سالوں سے عارضی اور پختہ تجاوزات قائم ہیں۔شہر کی مختلف شاہراہوں اور مارکیٹوں میں تجاوزات کے باعث سڑکوں اور فٹ پاتھوں کا بڑا حصہ دکانداروں اور دیگر کاروباری عناصر کے زیر استعمال آ چکا ہے۔
، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی سڑکوں پر سفر کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھوں بازاروں سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں مارکیٹوں کے اندر تجاوزات قائم کرنے والے بعض بااثر عناصر کے خلاف میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائی کرنے کے بجائے مبینہ طور پر بھاری نذرانے وصول کیے جاتے ہیں اور انہیں غیر قانونی تجاوزات قائم رکھنے کی اجازت دی جاتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث انہیں درپیش مشکلات کے حوالے سے متعلقہ حکام کو متعدد بار شکایات درج کروائی جا چکی ہیں، تاہم تاحال مؤثر اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے ۔ شہریوں نے میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر سے عارضی اور مستقل تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اور بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی بحال ہو اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments